ملکھا سنگھ لاکھوں لوگوں کیلئے مثال ہیں: شاہ رخ خان

June 19, 2021

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی موت پر افسوس کا اظہارِ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکھا سنگھ لاکھوں لوگوں کے لیے مثال ہیں۔

شاہ رخ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملکھا سنگھ کی موت پر شدید افسوس کا اظہارِ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’فلائنگ سکھ اب ذاتی طور پر ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن ان کی موجودگی ہمیشہ محسوس کی جائے گی اور ان کی خدمات کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔‘

بالی ووڈ اداکار نے ملکھا سنگھ کی اپنے ملک کے لیے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ میرے لیے اور لاکھوں لوگوں کے لیے مثال ہیں۔‘

شاہ رخ خان نے بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کے آخری سفر کی آسانی کے لیے دعا بھی کی۔

یاد رہے کہ کورونا کے مرض میں مبتلا ملکھا سنگھ 91 برس کی عمر میں جان کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکھا سنگھ 20 مئی سے کورونا کے مرض میں مبتلا تھے، ان کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے رواں ماہ جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

ملکھا سنگھ نے ایشین گیمز میں 4 گولڈ میڈلز جیتے تھے۔