ملکھا سنگھ کی موت پر ’ملکھا سنگھ‘ افسردہ

June 19, 2021

بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی موت پر فرحان اختر بھی افسردہ ہیں جنھوں نے ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم میں ملکھا سنگھ کا مرکزی کردار نبھایا تھا۔

خیا رہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر ملکھا سنگھ 91 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

ان کی موت پر جہاں دیگر اسٹارز کی جانب سے تعزیت و افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے وہی ملکھا سنگھ کا کردار نبھانے والے فرحان اختر بھی غمزدہ ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فرحان اختر نے ایک نوٹ تحریر کیا اور ملکھا سنگھ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ساتھ میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اب بھی اس بات کو قبول نہیں کر پارہے ہیں کہ ملکھا سنگھ اس دنیا میں نہیں رہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فرحان اختر کا کہنا تھا کہ شاید یہ اس وجہ سے ہے کیونکہ انھیں ملکھا سنگھ کی طرف سے وراثتی طور پر ضدی رویہ ملا ہے۔

فرحان اختر کا کہنا تھا کہ ملکھا سنگھ ہمارے درمیان ہمیشہ رہیں گے کیونکہ آپ ایک بڑے دل والی شخصیت سے بھی بڑھ کر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ایک خواب کی نمائندگی کی، آپ نے بتایا کہ کس طرح ایمانداری اور محنت کے ساتھ انسان گھٹنوں سے اٹھ کر آسمان کو چھو سکتا ہے۔