ملٹری لینڈ کے ایڈیشنل ڈی جی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او کو توہین عدالت کا نوٹس

June 22, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عابد چٹھہ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی نمائندوں کو دفاتر میں بیٹھنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد علی اور کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے سی ای او وسیم شاہد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ۔چوہدری افتخار اور پرویز سہوترا نے اجمل رضا بھٹی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کےذریعے دائر درخواستوں میں مؤقف اختیا ر کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے 23دسمبر2020کو عرفان امتیاز،رشید خان،چوہدری افتخار اور پرویز سہوترا کی رٹ پٹیشنز منظور کرتے ہوئے سیکشن چودہ کے تحت جاری نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیدیا تھا۔