صوبائی حکومت مثالی ہے، عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا، بلال کاکڑ

June 25, 2021

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کے کوآرڈی نیٹر برائے پبلک افئیرز بلال خان کاکڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایک مثالی اور تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس میں تعلیم صحت زراعت آبپاشی اور آبنوشی سمیت تمام شعبوں کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے لئے وزیراعلیٰ جام کمال خان کے وژن کے مطابق منصوبہ بندی کی گئی ہے جلد ہی اس کے بہتر نتائج زندگی کے ہر شعبے میں نظر آنا شروع ہو جائیں گے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا اور ان کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک متوازن بہترین اور عوام کی بنیادی ضروریات کی بہتر فراہمی کیلئے جو مثالی بجٹ پیش کیا ہے اس سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اس بوکھلاہٹ میں صوبے کی تاریخی اور شاندار روایات جس پرسب کو فخر ہے کو ذاتی مفادات کے لیے پامال کر گئے جس پر صرف افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صوبائی حکومت کی بہترین گورننس اور صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی عمل سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ بخوبی جانتی ہیں کہ ترقیاتی عمل بلاتفریق یکساں بنیادوں پر جاری ہے، موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی حکومت اور اپوزیشن میں تفریق کا خاتمہ کیا اور پی ایس ڈی پی یکساں بنیادوں پر بنائی گئی کیونکہ موجودہ صوبائی حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے پسماندگی کو ختم کرنا ہے اور صوبے کو خوشحال اور ترقیاتی راہ پر گامزن کرنا ہے۔