قارئین کیا سوچتے ہیں

June 27, 2021

حسن نثار (19جون2021) نوحہ بھی مرثیہ بھی

محترم حسن نثار صاحب! اگر انسان اپنی حیثیت کو پالے تو نہ سیاہ بخت رہے اور نہ سیاہ کار۔ یہ ایک طویل اور مشکل سفر ہے، لیکن اگر انسان اس سفر پر چل نکلے تو کامیاب ہوئے بغیر واپس نہیں آئے گا۔ امید ہے کہ پھر ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کی طرف قدم بڑھائیں گے جہاں اخلاقی اقدار کو اہمیت حاصل ہو گی۔ (عیشہ ناصر، فیصل آباد)

سلیم صافی (23جون2021) سندھ کی نئی قاف لیگ یا پگاڑا لیگ؟

جناب مجھے تو لگتا ہے کہ یہ صحافتی اصولوں کی بددیانتی ہے کہ ایک طرف آپ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کو اکٹھا نہیں ہونے دیتی تو دوسری جانب اپنی ہی بات کی نفی کرتے ہیں کہ اپوزیشن اکٹھی کیوں نہیں؟ جناب سیاست میں ایسی نوک جھونک کا یہ سلسلہ پچاس سال سے جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گا۔ (سلمان حیدر پیر زادہ، سمندری)

وجاہت مسعود (22جون2021) گالی کلچر نہیں، جرم کی دھمکی ہے

جناب ہمارا اصل مسئلہ ہی یہ ہے کہ ہم پڑھی لکھی جاہل قوم ہیں۔ بلاشبہ گالی تذلیل اور دھمکی کا ایسا امتزاج ہے جس سے معاشرے میں تشدد کا اصول جواز پاتا ہے اور تشدد تو ہم آج تک معاشرے سے ختم نہیں کر پائے۔ ہمیں صرف پارلیمینٹ میں ہی نہیں بلکہ معاشرے میں بھی احترام کی ثقافت کو قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ (محمد نوید، لاہور)

انصارعباسی (21جون2021) میں اسے مفتی نہیں لکھنا چاہتا

جناب اس وقت ہمیں اس بات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ کچھ افراد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسے بدنام کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مسجد و مدرسے کے تشخص کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ (فہد حسن سید)

مظہر برلاس (25جون2021) یہ دکھ کسے سنائیں؟

جناب میرا ماننا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے معاشرے سے زیادہ حکمرانوں اور افسروں کی کارگردگی پر کڑی نظر رکھ کر فوری سزا دینے پر عمل پیرا ہوں تو آج سے ہی یہ ملک بہتری کی طرف گامزن ہونے لگے گا۔ (سید آغا حیدر)

محمود شام (20جون2021) سندھ میں سلگتی چنگاریاں شعلے نہ بن جائیں

جناب آپ نے اچھی طرف اشارہ کیا ہے مگرعوام کو کسی دور میں فائدہ نہیں پہنچا۔ 72 سے لیکر 1977 تک ہم انقلاب کے خواب دیکھتے رہے لیکن وہ انقلاب آج تک نہیں آ سکا۔ (فضل اللہ، کراچی)

منصور آفاق (20جون2021) تنخواہ دار ملازم اور خدا

محترم آفاق صاحب آپ کی تحریر سے لگتا ہےکہ عمران خان اور عثمان بزدار بہت اعلیٰ کام کررہے ہیں پھر نیا پاکستان بننے میں دیرنہیں ہونی چاہیے، چوری ڈاکہ، قتل، بچیوں کا اغوا جنسی تشدد پر فوری طور پر انصاف میسر ہونا چاہیے۔ پاکستان ایک مثالی ملک کی طرح نظر آناچاہیے۔(کنور عبدالماجد خاں، لاہور)