سستی سبزی بیچنے والے کو گرفتار کرنا مضحکہ خیز ہے: شہباز گل

June 28, 2021


وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ لاہور میں سستی سبزی بیچنے والے سبزی فروش کو گرفتار کرنا مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر سستی سبزی بیچنے والے کو گرفتار کرنے کی خبر پر ردعمل دیا اور اسے مضحکہ خیز قرار دیا۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ لاہور انتظامیہ اس معاملے کیخلاف فوری کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں دکاندار کو سستی سبزی بیچنا مہنگا پڑگیا، سبزی فروش پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق دکاندار نے مقرّرہ نرخوں پر سبزی نہ بیچ کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مجسٹریٹ کے حکم پر دکاندار کو 15 جون کو گرفتار کیا گیا، 16 جون کو مقامی عدالت نے دکاندار وقاص کو ضمانت پر رہا کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار وقاص کے خلاف اسپیشل مجسٹریٹ نے تھانہ سٹی رائیونڈ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق دکان پر اشیا کی فہرست آویزاں نہ تھی اور سبزی سستی بیچی جارہی تھی۔

دکاندار بھنڈی مقرر کردہ قیمت 95 کی بجائے 73 روپے، جبکہ ٹماٹر مقرر کردہ قیمت 50 روپےکلو کی بجائے 25 روپے فی کلو فروخت کر رہا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق دکاندار بینگن مقرر کردہ نرخ 60 فی کلو کی بجائے 52 روپے میں فروخت کر رہا تھا۔

دکاندار مقرر کردہ نرخ کریلے 90 فی کلو کے بجائے 52 روپےمیں بیچ رہا تھا، دکاندار پیاز سرکاری ریٹ 40 روپے فی کلو کے بجائے 33 روپے میں فروخت کر رہا تھا۔