وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ سرکاری عمرہ اور سرکاری حاجیوں کا رواج خان صاحب کے ہاں نہیں، خود اپنی جیب سے پیسے ادا کر کے عمرہ کیا ہے۔
شہباز گل نے احرام باندھے کعبہ کے سامنے عمرے کی ایک تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی زینت بنائی اور بتایا کہ اللہ تعالی کے کرم اور محمد مصطفیٰ ﷺ کی عنایت سے آج عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
انہوں نے لکھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ وطن عزیز سمیت پوری دنیا کو کورونا کی موزی وبا سے محفوظ رکھے اور پاکستان کے لیے آسانیاں فرمائے اور ایک قوم کے طور پر ہمارے عزت و وقار میں اضافہ فرمائے، اللہ تعالی عمران خان کو کامیاب کرے۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں محمد اعجاز ریاض نامی ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا آپ نے عمرہ سرکاری خرچے پر کیا ہے؟
معاونِ خصوصی نے اس ٹوئٹ کے جواب میں اس سے انکار کیا اور کہا کہ خان صاحب کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دیتے۔
انہوں نے بتایا کہ صرف وہ ہی نہیں بلکہ ملک امین اسلم صاحب بھی سرکاری کام پر وہیں ہیں لیکن خود اپنی جیب سے ہیسے ادا کر کے آئے ہیں۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ سرکاری عمرہ اور سرکاری حاجیوں کا رواج خان صاحب کے ہاں نہیں، عمران خان عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب لیتے اور دیتے ہیں۔