سائرہ یوسف کی ’صنفِ آہن‘ کے ساتھ اداکاری میں واپسی

June 30, 2021

خوبرو اداکارہ سائرہ یوسف اداکاری کی دنیا سے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔

سائرہ یوسف نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں ان کے ہمراہ ساتھی اداکارائیں سجل علی، رمشا خان، یمنیٰ زیدی و دیگر موجود ہیں۔


یمنیٰ زیدی کی جانب سے جاری پوسٹ کے مطابق وہ جلد نجی ٹی وی چینل پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ میں دکھائی دیں گی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ ’صنفِ آہن‘ کو پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ اور سِکس سگما پلس کے اشتراک سے خواتین کے حقوق کے موضوع پر بنایا گیا ہے۔

’صنفِ آہن‘ کی کہانی ڈرامہ و ناول نگار عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ ڈرامے کی ہدایات کاری ندیم بیگ نے دی ہے۔

ماڈل، فلم و ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ اور سابقہ وی جے سائرہ یوسف 20 اپریل 1988 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 2012 میں شہروز سبزواری سے شادی کی تھی۔

شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد نامعلوم وجوہات پر ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی تھیں، سائرہ یوسف کی شہروز سبزواری سے بیٹی ’نورے‘ بھی ہے۔

سائرہ یوسف نے فلموں چلے تھے ساتھ ، پراجیکٹ غازی سمیت بےشمار ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے انہوں نے اداکاری سے بریک لی ہوئی تھی تاہم اب ان کی واپسی ہوئی ہے جس سے ان کے مداح خوش ہیں۔