دلیپ کمار کیساتھ فن کا ایک ادارہ بھی دُنیا سے رخصت ہوگیا ہے: امیتابھ بچن

July 07, 2021

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار

بالی ووڈ کی دُنیا میں بِگ بی کے نام سے مشہور سینئر اداکار امیتابھ بچن نے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہدلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی دُنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’آج دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’جب بھی بھارتی سینما کی تاریخ لکھی جائے گی، وہ ہمیشہ ’دلیپ کمار سے پہلے اور دلیپ کمار کے بعد‘ہوگی۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میری دُعا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں دلیپ کمار کے اہلخانہ اور عزیزوں کو صبر و جمیل عطا ہو۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔