بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال کی خبر پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کا انتقال بالی ووڈ کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ ’دلیپ کمار جی کو سینما کی علامات کے طور پر یاد کیا جائے گا۔‘
نریندر مودی نے کہا کہ ’دلیپ کمار کو اپنے کام اور صلاحیتوں کی وجہ سے ایک خاص مقام حاصل تھا اور اُنہوں نے اپنی منفرد اداکاری سے نسل در نسل سامعین کے دل جیتے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’دلیپ کمار کا انتقال ہماری ثقافتی دنیا کے لیے ایک بت بڑا نقصان ہے۔‘
آخر میں نریندر مودی نے دلیپ کمار کے انتقال پر اُن کے اہلخانہ، دوستوں اور اَن گنت مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔
دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔
دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔