کینسر کے مرض میں مبتلا ہاکی اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے

July 13, 2021

کینسر کے مرض میں مبتلا قومی ہاکی اولمپیئن نوید عالم 47 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

نوید عالم کی بیٹی نے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے، نوید عالم کی گزشتہ رات شوکت خانم اسپتال لاہور میں کیموتھراپی ہوئی تھی۔

کیموتھراپی کے بعد نوید عالم کی طبیعت بگڑگئی تھی، طبیعت بگڑنے کےبعد نوید عالم کوآئی سی یو منتقل کردیا گیا تھا تاہم ان کی طبیعت نہ سنبھل سکی اور وہ انتقال کر گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے نوید عالم کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی فیملی سے تعزیت کرتا پیغام شیئر کیا گیا ہے۔

اولمپیئن رشید الحسن نے کہا کہ نوید عالم کے انتقال سے ہاکی کو بڑا نقصان ہوا، نوید عالم جیسے ہاکی کے کھلاڑی بہت کم ملتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق ہاکی اولمپیئن اور ورلڈکپ 1994 کی فاتح ہاکی ٹیم کے رکن نوید عالم میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ طبیعت ناساز ہونے پر 47 سالہ ہاکی اولمپیئن نوید عالم نے شوکت خانم میموریل اسپتال میں اپنا چیک اپ کروایا تھا جہاں اُن میں بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی۔

نوید عالم کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔

نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری سندھ حکومت نے لے لی تھی، ٹیکنیکل آفیسر سندھ حکومت فیض منگی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شوکت خانم اسپتال کو خط لکھ دیا گیا ہے، سندھ حکومت ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔