کنگنا نے اپنے خلاف دائر کیس ختم کروانے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

July 21, 2021

اپنے خلاف دائر کیس کے خاتمے کے لیے کنگنا رناوت ممبئی ہائی کورٹ پہنچ گئیں، انھوں نے جاوید اختر کی جانب سے دائر کیس ختم کرنے کی درخوست کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنے وکیل رضوان صدیق کے توسط سے بمبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

انھوں نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اندھیری کی مجسٹریٹ کی عدالت نے ان کے خلاف کیس کی کارروائی میں قانونی ضابطے پورے نہیں کیے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ کنگنا نے دندوشی سیشن کورٹ میں بھی اس سلسلے میں درخواست دی تھی جو مسترد ہوگئی، اور اسی وجہ سے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

درخواست میں اس جانب بھی اشارہ کیا گیا کہ ان کے خلاف جاوید اختر کی جانب سے دائر کیے گئے کیس میں گواہان کو پولیس کی جانب سے ڈرایا دھمکایا جاسکتا ہے اور اسی وجہ سے ان کے ریکارڈ کیے گئے بیان پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا جاوید اختر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں حقیقی کیس بنتا ہے کہ نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے عمل کی اجازت دی جاتی ہے تو اس کے بعد دیگر مجسٹریٹس کے لیے ایک غلط مثال بن جائے گی جبکہ اس کی وجہ سے ملزم کے حقوق بھی متاثر ہوں گے۔