سینئر صحافی عارف نظامی لاہور میں سپرد خاک

July 21, 2021

سینئر صحافی عارف نظامی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مرحوم عارف نظامی کی نماز جنازہ جامع مسجد اللّٰہ اکبر ڈیفنس ای بلاک میں ادا کی گئی، جس میں سینئر صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

عارف نظامی کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

عارف نظامی آج صبح لاہور میں انتقال کرگئے تھے، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

عارف نظامی اپریل 2013ء میں عبوری کابینہ میں وزیر بھی رہے۔

صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عارف نظامی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، گورنر پنجاب محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، شیری رحمان، آصف کرمانی سمیت سیاستدانوں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے عارف نظامی کے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔