ماضی کے فلم اسٹار شاہد کی 71ویں سالگرہ

July 24, 2021


ستر کی دہائی کے سپراسٹار ، اداکار شاہد آج اپنی 71ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔

اداکار شاہد کا اصل نام شاہد حمید ہے اور وہ چوبیس جولائی 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کی اور 1970 میں عباس نوشہ نے اپنی فلم 'ایک رات میں شاہد کو پہلی بار کاسٹ کیا جس کی ہیروئین دیبا تھیں۔

اس کے فوراً بعد ہدایتکار ایس اے بخاری نے اپنی فلم 'آنسو میں بطور ولن انہیں کاسٹ کر لیا جس میں مرکزی کردار ندیم اور فردوس کر رہے تھے۔ دونوں فلمیں کامیاب ہوئیں اور شاہد کے لیے بھی کامیابی کے دروازے کھلتے چلے گئے۔

انہوں نے شبنم، رانی، نشو، سنگیتا، بابرہ شریف، دیبا سمیت اپنے دور کی تقریباً ہر ہیروئین کے ساتھ کام کیا۔

1972 میں ریلیز ہونے والی فلم 'امراو جان ادا شاہد کی سپرہٹ فلموں میں شمار ہوتی ہے، اس کے علاوہ ان کی مشہور فلموں میں ثریا بھوپالی، تہذیب، طلاق، بہاروں کی منزل، ابھی تو میں جوان ہوں، میرے حضور، شمع محبت، اف یہ بیویاں، شکار، شبانہ، آبشار، دل نے پھر یاد کیا، میں بنی دلہن، دیدار، پیاسا، دیکھا جائے گا، گھرانہ، پیار کا وعدہ، نوکر ووہٹی دا، ٹھاہ، دہشت خان، جادو، مرزا جٹ اور دیگر شامل ہیں۔

شاہد کو ان کے فن پر متعدد ایوارڈ سے نوازا گیا، سید نور کی فلم 'محافظ پر انہیں گریجویٹ ایوارڈ دیا گیا اس کے علاوہ کینیڈا سے بھی ایوارڈ حاصل کرنے کا انہیں اعزاز حاصل ہے۔