سیالکوٹ نے بتادیا ووٹ کو عزت کیسے دینی ہے، مریم نواز

July 24, 2021

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ سیالکوٹ والوں نے بتادیا کہ ووٹ کو کس طرح عزت دی جاتی ہے۔

سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف دور میں لوڈ شیڈنگ 22 گھنٹوں سے زیرو پر آگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی بحال کی تھی، موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ بحال کردی۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ جلسہ گاہ سے ایک میل دور سے نوجوان میرے ساتھ چلتے آئے، یہ الیکشن کا جذبہ نہیں انقلاب کا جذبہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے فون پر مجھ سے کہا کہ جس سڑک پر تم جارہی ہو یہ موٹروے ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ میں خواجہ آصف کو انکل کہتی ہوں، ان کی تعریف میں ویسے ہی کرتی تھی لیکن آج میاں صاحب نے کہا کہ خواجہ آصف کی خصوصی تعریف کرنا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے تکلیف برداشت کرلی لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ عطا تارڑ نے پی پی 38 میں بہت اچھی انتخابی مہم چلائی ہے، سیالکوٹ والوں نے بتادیا کہ ووٹ کو کس طرح عزت دی جاتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں آزاد کشمیر گئی تو عوام نے بتایا کہ چوروں سے کیسے اپنی سیٹ چھینی جاتی ہے، یہ جو سلیکٹڈ ہے یہ مسلم لیگ کی نقل میں بھاگا بھاگا کشمیر گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ نااہل کشمیر میں کروڑوں روپے خرچ کر کے الٹے پاؤں واپس بھاگا، یہ وہاں جلسہ ہی نہیں جلسی بھی نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ اس کی تقریر کے آغاز، درمیان اور آخر میں بھی نواز شریف تھا، سلیکٹڈ اپنے جلسے میں نواز شریف کی تسبیح پڑھتا ہے۔