وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مخالفین انتخابی مہم میں اپنی کارکردگی نہیں بتاتے عمران خان پر تنقید کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں علی امین گنڈا پور کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید نے کہا کہ ابو بچاؤ مہم والو کا کشمیری عوام سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ لڑا، کپتان نے نریندر مودی اور ہندو توا کی سوچ کو بے نقاب کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی، ہماری حکومت نہیں تھی لیکن تمام آزاد کشمیر میں صحت کارڈ جاری کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین اپنی تقریروں میں کارکردگی نہیں بتاتے بلکہ عمران خان پر تنقید کرتے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ کشمیر میں دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے، پی ٹی آئی وزراء پر فائرنگ ہوئی، راستے روکے اور مظلوم بھی خود بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین تین باریاں لینے والوں نے کشمیر کےلیے کچھ نہیں کیا، جندال کو بغیر ویزا پاکستان بلانے والے کشمیر کے سودے کا الزام لگارہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی پاکستان کے خلاف زبان استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں، کل لندن میں جو ملاقات ہوئی اس پر افسوس ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فاروق حیدر نے کشمیر کے بجائے چوروں کی کرپشن بچانے کی مہم چلائی، ابھی فرزند زرداری نے پریس کانفرنس کی ہے اور کہا کہ علی امین گنڈا پور نے فائرنگ کی۔
مراد سعید نے کہا کہ فائرنگ تو علی امین گنڈا پور پر ہوئی ہے، وفاقی وزیر کا راستہ سات مرتبہ روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے کشمیری بھی مستفید ہوں گے، آج عمران خان کی حکومت ہے جو ایبسلیوٹلی ناٹ کہتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری کبھی وطن فروش کا ساتھ نہیں دے سکتے، جس نے پاکستان کو گالی دی نواز شریف اس سے ملتے ہیں۔