سندھ میں جامعات 31 جولائی تک بند رہیں گی

July 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں) سندھ میں جامعات 31جولائی تک بند رہیں گی،انٹر کے امتحانات معمول کے مطابق ہونگے، جامعات کو بھی امتحانات لینے کی اجازت ہے ۔ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے کہا ہے کہ سندھ کی تمام نجی و سرکاری جامعات بند ہونے کے باوجود اپنے امتحانات جاری رکھ سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ لیکن اگر جامعات میں امتحانات کا عمل جاری ہے تو وہ صرف امتحانی امور انجام دے سکیں گی ،اسی طرح انٹر کے امتحانات بھی معمول کے مطابق ہوں گے تاہم تدریسی اور غیر تدریسی امور مکمل بند رہیں گے،سرکاری اور نجی سیکٹرز میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہو گا۔علاوہ ازیں داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کوکورونا وائرس کی حالیہ لہر کے تناظر میں 31جولائی تک بند کردیا گیا ہے۔ جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی ہدایت کی روشنی میں 26جولائی سے 31جولائی 2021ء تک داؤد یونیورسٹی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم ضروری خدمات کے دفاتر کھلے رہیں گے ۔