• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش میں بچوں میں سخت جان وائرس کا انکشاف

ڈھاکا ( نیوز ڈیسک) امریکی اور بنگلادیشی سائنسدانوں نے مشترکہ تحقیق کے بعد خبردار کیا ہے کہ بنگلادیش میں 5سال سے کم عمر بچوں میں سخت جان وائرس سامنے آئے ہیں ، جن پر اینٹی بائیوٹک کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ماہرین کا کہناہے کہ اگر ان جراثیم کو روکا نہ گیا تو یہ ساری دنیا میں پھیل سکتے ہیں۔یہ تحقیق بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکاکے مختلف اسپتالوں میں نمونیا کے باعث داخل کیے جانے والے ہزاروں بچوں پر کی گئی۔ ان میں سے 108 بچے خطرناک جرثوموں کی 5اقسام سے متاثر پائے گئے۔ ان اقسام کے خلاف کسی بھی طرح کی اینٹی بایوٹک دوا اثر نہیں کررہی تھی۔ ان میں سے 31 بچے دورانِ تحقیق ہی موت کے منہ میں چلے گئے۔آکسفورڈ اکیڈمک کے ایک تحقیقی مجلے ’’اوپن فورم انفیکشس ڈزیزز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہونے والی رپورٹ میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ مسئلہ بنگلادیش کے کسی ایک شہر یا چند اسپتالوں کا نہیں بلکہ ایک سنگین عالمی مسئلہ ہے ، جس پر قابو پانے کی فوری اور اشد ضرورت ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس تحقیق میں نکاسی آب کی خراب صورتِ حال، آلودہ پانی اور نسخے کے بغیر عام فروخت ہونے والی اینٹی بایوٹک کو اس مسئلے کا اہم ترین سبب قرار دیا گیا ہے۔
تازہ ترین