موبائل صارفین کی تعداد 18کروڑ 42 لاکھ، تھری، فور جی کی 9 کروڑ 98 لاکھ

July 27, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) پاکستان میں موبائل صارفین کی تعداد18کروڑ 42لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ ملک میں تھری جی ، فور جی صارفین کی تعداد9کروڑ 98لاکھ پچاس ہزار تک پہنچ گئی،ایک ماہ کے عرصہ میں موبائل صارفین کی تعداد میں صفر اعشاریہ 77ملین جبکہ فور جی صارفین کی تعداد میں ایک اعشاریہ 19ملین کا اضافہ ہوا ہے تاہم تھری جی صارفین کی تعداد میں کمی ہوئی ، پی ٹی اے اعداد شمار کے مطابق مئی 2021ءکے آخر تک موبائل صارفین کی تعداد 18کروڑ 34لاکھ 80ہزار تھی جو جون کے آخر تک بڑھ کر 18کروڑ 42لاکھ 50ہزار ہو گئی،اس طرح موبائل صارفین کی تعداد میں اس عرصہ کے دوران ساڑھے سات لاکھ سے زائد اضافہ ہوا،جاز کے فور جی صارفین کی تعداد جو کہ مئی کے آخر تک 29اعشاریہ 902ملین تھی وہ جون 2021ء کے آخر میں بڑھ کر 30اعشاریہ 692ملین ہو گئی، ژونگ فور جی صارفین کی تعداد مئی کے آخر تک 22اعشاریہ 676ملین تھی وہ جون کے آخر تک بڑھ کر 23اعشاریہ 124ملین ہو گئی، ٹیلی نارکے 4 جی صارفین کی تعداد مئی کے آخر تک 16اعشاریہ 679ملین سے بڑھ کر جون 2021 تک 17اعشاریہ 114ملین ہوگئی،یوفون کے 4 جی صارفین کی تعداد مئی 2021 کے آخر تک 6اعشاریہ 088ملین تھی وہ جون 2021 کے آخر تک بڑھکر 6 اعشاریہ 134ملین ہوگئی،ٹیلی کام صارفین کی طرف سے پی ٹی اے کو جون 2021 تک مختلف ٹیلی کام آپریٹرز (سیلولر آپریٹرز ، پی ٹی سی ایل ، ایل ڈی آئی ، ڈبلیو ایل ایل آپریٹرز اور آئی ایس پیز) کے خلاف16908 شکایات موصول ہوئیں۔