مون سون شجر کاری کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات مکمل

July 27, 2021

پشاور ( وقائع نگار ) ڈپٹی کمشنر پشاور کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور گل بانو کی زیر صدارت مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، اسسٹنٹ کمشنر عبید ڈوگر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انور اکبر خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ سمیت انتظامی افسران، محکمہ جنگلات ،محکمہ زراعت، محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم، ٹائون میونسپل آفیسرز، محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ مال، محکمہ لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی اوربتایا گیا کہ پشاورکے مختلف مقامات پر شجر کاری مہم جاری ہے اور اس مہم میں تمام سرکاری ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیںاور پشاور بھر میں عوامی مقامات، پبلک پارکس، سرکاری دفاتر، سکولوں، کالجز، یونیورسٹیوں اور سڑکوں و نہروں کے کنارے پودے لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنرپشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔انھوں نے پشاور کے عوام سے اپیل کی کہ شجرکاری مہم کے دوران لگائے گئے پودوں کی حفاظت کریں تاکہ پشاور کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔