• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ کی جامع مسجد میں مردوں کی ورزش کلاس کی ویڈیو وائرل

برطانیہ میں بریڈفورڈ کی جامع مسجد عثمانیہ ہیٹن روڈ میں قائم مردوں کے لیے جسمانی ورزش کلاس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ 

مسجد انتظامیہ کے مطابق یہ ویڈیو ٹک ٹاک اور فیس بک پر دو ملین سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے، جس پر عالمی سطح پر حیرت انگیز ردِعمل سامنے آیا ہے۔

مسجد کے سیکریٹری محمد الیاس نے بتایا کہ ہر جمعرات کو 50 سال سے زائد عمر کے مردوں کے لیے صحت و تندرستی کی غرض سے کلاسز کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس کا مقصد بزرگ شہریوں میں جسمانی و ذہنی بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں خواتین کے لیے بھی اس نوعیت کی کلاسز متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔

محمد الیاس کے مطابق کلاسز کی غیر معمولی مقبولیت کے باعث شرکاء کی تعداد محدود کرنا پڑ رہی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ہم خود بھی حیران ہیں، ویڈیو دنیا بھر میں دیکھی جا رہی ہے، مختلف ممالک سے پیغامات آرہے ہیں اور لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اپنی مساجد میں اس طرح کی سرگرمیاں کیسے شروع کریں۔

کلاسز کی تربیت زارا کیانی دے رہے ہیں، جن کا کہنا تھا کہ نوجوان فٹنس میں دلچسپی رکھتے ہیں مگر بڑی عمر کے افراد کے لیے مواقع کم ہوتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ان مردوں میں لچک، جسمانی مضبوطی اور ذہنی سکون پیدا ہو، یہ محض ورزش نہیں بلکہ ایک سماجی و روحانی سرگرمی بھی ہے۔

شرکاء کے بقول ان کلاسز نے ان کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ 62 سالہ عابد خان، جو جون 2024 میں دل کی پیوندکاری کے بعد کلاس میں شامل ہوئے، کا کہنا تھا کہ یہ کلاس میرے لیے جسمانی اور جذباتی دونوں اعتبار سے فائدہ مند ثابت ہوئی، یہاں نئے دوست ملے اور زندگی میں نیا حوصلہ آیا۔

اسی طرح 60 سالہ حبیب رحمٰن نے بتایا کہ وہ شیٹیکا اور کمر درد کا شکار تھے اور کسی مناسب سرگرمی کی تلاش میں تھے، یہ کلاس نہ صرف صحت بخش ہے بلکہ یہاں مل بیٹھ کر معاشرتی میل جول بھی بڑھتا ہے۔

محمد الیاس نے کہا کہ کلاس کے اختتام پر شرکاء چائے، پھل اور بسکٹ کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو کرتے ہیں، جس سے تنہائی کم ہوتی ہے اور وقت صحت مند ماحول میں گزرتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ مسجد صرف عبادت گاہ نہ ہو بلکہ حقیقی معنوں میں کمیونٹی سینٹر کا کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک نئی عمارت کی تعمیر جاری ہے، جہاں مزید سرگرمیاں متعارف کرائی جائیں گی اور خواتین کے لیے خصوصی کلاسز بھی رکھی جائیں گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید