شہزاد اکبر کیخلاف بیان، ترین گروپ کے MPA نذیر چوہان گرفتار، ضمانت منظور

July 28, 2021

لاہور(نمائندگان جنگ )پولیس نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں ایل ڈی اے کمپلیکس سے تحر یک انصاف ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کوشہزاد اکبرکیخلاف بیان دینے پر گرفتارکرلیا بعد ازاں ضمانت منظورکر لی گئی،مچلکے جمع نہ ہونےپر انہیں جیل منتقل کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر کے خلاف متنازع بیان پرگرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیر ترین گروپ کے رہنما و رکن پنجاب اسمبلی نذیرچوہان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق نذیر چوہان ایل ڈی اے آفس کے قریب تھےکہ انہیں ایک شخص نے کہاکہ رجسٹری کراناہے جس پر انہوں نے کہاکہ ان کا رجسٹری سے کیا تعلق؟

اسی دوران پولیس نےانہیں گاڑی میں ڈال لیا اور ساتھ لے گئی۔نذیر چوہان کو ایف آئی اے کے دفتر گلبرگ لایا گیا جہاں وائس میچنگ کیلئے ان کی آواز ریکارڈ کرکے اسلام آباد بھجوا دی گئی۔

پولیس نے نذیر چوہان کومیڈیکل چیک اپ کے بعد کینٹ کچہری مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ان کی ایک لاکھ کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی اور قرار دیا کہ نذیر چوہان کے خلاف تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔