نعروں کاوقت ختم، حکومت بتائے تبدیلی کیلئے کیا کر رہی ہے، مہوش حیات

July 30, 2021

کراچی(آئی این پی) اداکارہ مہوش حیات نے ملک میں خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم کے بارے میں سوال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بتائے ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے کیا کررہی ہے۔اداکارہ مہوش حیات نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ملک میں خواتین اور بچوں پر ہونے والے جنسی اور صنفی تشدد کے بارے میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہیش ٹیگز اور نعروں کا وقت ختم ہوچکا۔ اداکارہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا حکومت بتائے کہ نظام کو تبدیل کرنے کے لیے کیا کرنے جارہی ہے۔ معاشرے میں جنسی اور صنفی تشدد اور امتیازی سلوک کی دیگر اقسام کو نظام میں تبدیلی کے بغیر ختم نہیں کیا جاسکتا۔اپنی ایک اور ٹوئٹ میں مہوش حیات نے کہا ملک میں قوانین موجود ہیں۔ ہمیں ان قوانین کے نفاذ کو زیادہ سخت اور متاثرہ افراد کے لیے کم تکلیف دہ بنانے کی ضرورت ہے۔ اداکارہ مہوش حیات نے ملک میں عدالتی نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہمارے ملک میں عدالتی نظام خطرناک، غیر موثر اور فرسودہ ہے۔مہوش حیات نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا تشدد اور زیادتیوں سے پاک محفوظ زندگی گزارنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ کسی کو بھی زندگی گزارتے ہوئے خوف زدہ نہیں ہونا چاہئے۔ یہ آسانی سے قابل قبول نہیں ہے اور اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ بے حسی کوئی آپشن نہیں ہے۔ کسی دوسرے متاثرہ شخص کا ہیش ٹیگ بننے سے پہلے ایکشن لینا ہوگا، کارروائی کرنی ہوگی۔