سنگدل شوہر کے تشدد اور آگ سے جھلس کر ہلاک ہونیوالی امبرین میمن کا بیٹا سمیر بھی جاں بحق

July 30, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ٹنڈوجام میں سگندل شوہر کے تشدد اورآگ لگانے کے باعث جھلس کر ہلاک ہونے والی 30سالہ امبرین میمن کے ہمراہ زخمی ہونے والا اس کا 17ماہ کا بیٹا سمیر میمن جمعرات کو کراچی کے نجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واضح رہے کہ 24جولائی کو ٹنڈوجام کے علاقے ورکشاپ اسٹاپ ایم ٹی ایم روڈ کے رہائشی سگندل شوہر عامر میمن نے گھریلو تنازع پر اپنی 30سالہ بیوی امبرین کو تشددکانشانہ بنانے کے بعد آگ لگادی تھی جس کے باعث امبرین اوراس کا 17ماہ کا بیٹا سمیر میمن جھلس کر زخمی ہوگئے تھے دونوں کو سول اسپتال حیدرآباد سے حالت نازک ہونے پر کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیاگیا تھا جہاں امبرین اسی روز جاں بحق ہوگئی تھی‘ 17ماہ کا شیرخوار سمیر زیرعلاج تھا جو جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔