• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ ایس وائی کو والد سے کیا بات نہ کہنے کا دکھ رہا؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستانی فیشن ڈیزائنر، اداکار اور ٹی وی میزبان حسن شہریار یاسین جو ایچ ایس وائی کے نام سے مشہور ہیں،انہوں نے والد کے ساتھ پیچیدہ تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

ایک پوڈ کاسٹ میں ایچ ایس وائی نے اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک وقت میں میرے والد کے ساتھ اختلافات ہوئے اور دونوں کے درمیان فاصلہ پیدا ہوگیا تھا، تاہم والدہ نے کبھی والد کے بارے میں مجھ سے منفی بات نہیں کی اور مجھے ہمیشہ والد کے ساتھ اپنے تعلق کی یاد دلاتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں میرا خواب نیشنل کالج آف آرٹس یا کسی فیشن اسکول میں تعلیم حاصل کرنا تھا، تاہم ابتداء میں یہ منصوبے پورے نہ ہو سکے، ان مشکل حالات میں میری بہن میرے اور والدہ دونوں کے لیے بڑا سہارا رہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کئی برس بعد والد فالج کا شکار ہو گئے اور ان کی حالت اس حد تک خراب ہو گئی کہ وہ دوسروں پر انحصار کرنے لگے، ماضی کے پیچیدہ تعلق کے باوجود میں نے آگے بڑھ کر والد کی دیکھ بھال کی اور تقریباً 15 سال تک ان کا خیال رکھا۔

والد کی زندگی کے آخری دنوں کو یاد کرتے ہوئے ایچ ایس وائی نے بتایا ہے کہ میں ان سے مل کر یہ کہنا چاہا تھا کہ میں ان سے محبت کرتا ہوں اور انہیں معاف کر چکا ہوں، لیکن ملاقات سے قبل ہی والد اپنے گاؤں واپس چلے گئے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اس کے کچھ ہی عرصے بعد میری سالگرہ کے آس پاس مجھ کو والد کے انتقال کی افسوس ناک خبر ملی، مجھے اس بات کا دکھ رہا کہ میں اپنے دل کی بات والد تک پہنچانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

حسن شہریار یاسین کے مطابق مجھے بالآخر ایک غیر متوقع لمحے میں ذہنی سکون اور جذباتی اطمینان حاصل ہوا، میں اپنے والد اور ان کے ساتھ گزرے وقت کے بارے میں سوچ رہا تھا کہ اچانک قریب ہی آسمانی بجلی کی تیز روشنی ہوئی، جس سے مجھے گہرا سکون محسوس ہوا، میں نے اسے اللّٰہ کی جانب سے شکر اور اطمینان کے ایک لمحے کے طور پر محسوس کیا۔

ایچ ایس وائی کا کہنا ہے کہ ذاتی مشکلات کے باوجود میرا پیشہ ورانہ سفر بھی کامیاب رہا۔

واضح رہے کہ حسن شہریار یاسین نے 1990ء کی دہائی میں فیشن کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور پاکستان کے معروف ملبوسات کے برانڈز میں سے ایک قائم کیا تھا، جبکہ بعد میں ٹی وی کی میزبانی اور اداکاری کے شعبے میں بھی کام کیا۔

ان کے معروف کاموں میں ٹی وی شو ’ٹونائٹ ود ایچ ایس وائی‘ اور ڈرامہ ’پہلی سی محبت‘ شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید