کورنگی، بچی زیادتی کے بعد قتل، 6 افراد کو حراست میں لے لیا

July 30, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پو لیس نےگز شتہ روزکورنگی میں کمسن بچی کے اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کی وارادات کے سلسلے میں 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ علاقے سے لاپتہ ہونے والی دوسری بچی کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، تاہم وہ کچھ دیر بعد مل گئی جسے والدین کے حوالے کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی میں گزشتہ روز قتل ہونے والی6 سالہ بچی ماہم کے قتل شبےمیں پولیس نے 6افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں سے اب تک کی جانے والی تفتیش کی روشنی میں مذکورہ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے اور ان کے ڈی این اے اور دیگر نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں ، پولیس کے مطابق اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کمسن بچی منگل کی شب جب لاپتہ ہوئی تھی اس وقت علاقے میں بجلی نہیں تھی اور اس دوران ایک اور بات سامنےآئی ہے کہ مذکورہ علاقے کی ایک اور 9 سالہ بچی لاپتہ ہو گئی اور ماہم کے قتل کے بعد اس کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا اور بچی کی تلاش کی شروع کردی گئی ،وہ بچی بعد ازاں مل گئ جسے والدین کے سپرد کردیا گیا ہے ، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ مذکورہ بچی کو بھی انہی ملزمان نے اغوا کیا ہو اور ماہم کے واقعے کے بعد اسے چھوڑ دیا ہو ، بچی کہاں اور کس کے پاس تھی اس سلسلے میں بھی تفتیش کی جارہی ہے ، پولیس نےمقتولہ بچی ماہم کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا ہے ۔