بدصورت کہنے پر لتا منگیشکر نے راج کپور کی فلم ’ستیم شیوم سندرم‘ میں کام سے انکار کردیا تھا

July 30, 2021

بالی ووڈ کے ابتدائی زمانے کے بڑے اداکار اور بعد میں ڈائریکٹر اور فلم ساز بن جانے والے عہد ساز فنکار راج کپور اور لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے درمیان فلم ستیم شیوم سندرم کے حوالے سے تعلقات پیچیدہ رہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ راج کپور نے لتا جی کو عام سی شکل وصورت کی حامل یا بدصورت کہہ دیا تھا۔

اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ راج کپور چاہتے تھے کہ لتا جی 1978 کی اس فلم میں کام کریں، تاہم کچھ ایسی وجوہات ہوئیں جس نے لتاجی کو اس فلم میں کام کرنے سے باز رکھا۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہفلم ستیم شیوم سندرم کے بنانے کی وجہ لتا منگیشکر ہی تھیں، لیکن لتا جی نے اس میں کام سے منع کردیا۔ اس سلسلے میں راج کپور کی بیٹی ریتو نندہ نے اپنی 2002 کی تصنیف ’راج کپور اسپیکس‘ میں اس کہانی کا انکشاف کچھ اس طرح کیا ہے۔

دراصل میرے والد کے ذہن میں یہ تصور آیا کہ میں ایک ایسی فلم بناؤں جس میں کہ ایک شخص ایک عام سی شکل و صورت کی حامل خاتون کے عشق میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

تاہم اس عورت کی آواز سونے کی مانند انتہائی دلکش اور شاندار ہوتی ہے، اسی لیے میں چاہتا تھا کہ اس فلم کے لیے لتا منگیشکر کو اس رول میں کاسٹ کروں۔

ریتو کا کہنا ہے کہ ان کے والد راج کپور کا یقین تھا کہ محبت اور وفاداری کا انحصار تعلقات کی پاکیزگی میں ہوتا ہے نہ کہ جسمانی حسن و رعنائی میں۔

ریتو کے مطابق پہلے تو لتا جی نے اس فلم میں کام کے لیے حامی بھرلی لیکن بعد میں انھوں نے منع کردیا۔ کہا جاتا ہے کہ وہ راج کپور کی جانب سے ان کو بدصورت کہنے پر سخت غصے میں آگئی تھیں۔