امریکا میں کروڑوں شہریوں کے بے گھر ہونے کا خدشہ

August 01, 2021

واشنگٹن (اے ایف پی) امریکا میں کرائے کے گھروں میں رہنے والے کروڑوں شہری بے گھر ہوسکتے ہیں۔

اتوار کے روز امریکا بھر میں لوگوں کو گھروں سے بے دخل کرنے پر عائد پابندی کی معیاد ختم ہوجائے گی، ان افراد کی مدد کیلئے حکومت کی جانب سے مختص کئے گئے اربوں ڈالر کے فنڈز استعمال نہیں ہوسکے ہیں۔

لوگوں کے گھروں سے بے دخل ہونے کا یہ معاملہ ایک ایسے وقت پر سامنے آرہا ہے جب امریکا بھر میں تیزی سے پھیلتا ہوا ڈیلٹا ویرئینٹ اپنے پنجے گاڑ چکا ہے اور رئیل اسٹیٹ کی مارکیٹ کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کے گھروں سے محروم ہونے کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافے کا بھی خطرے ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے جمعرات کے روز کانگریس پر زور دیا تھا کہ وہ لوگوں کو گھروں سے بے دخل کئے جانے سے روکنے کا 11 ماہ پرانے معاہدے میں توسیع کردیں۔

امریکی سپریم کورٹ نے حال ہی میں ایک فیصلہ جاری کیا تھا جس کے بعد وائٹ ہائوس کو مذکورہ معاہدے میں توسیع سے روک دیا گیا تھا۔

کانگریس میں ڈیموکریٹس رہنما بھی معاہدے میں توسیع کے خواہاں تھے۔