تمام مکاتب فکر فرقہ واریت کے خلاف آگاہیپیداکریں،مشاورتی اجلاس

August 02, 2021

لاہور( وقائع نگار خصوصی)مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ، جامعہ عروۃ الوثقی کے تحت لاہور میں تاریخی اور اہم قومی مشاورتی اجلاس برائے بیدار ی امت ہوا، قومی مشاورتی اجلاس کا مقصد وطنِ عزیز میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے تدارک کیلئے مشاورت اور لائحہ عمل کا تعین کرنا شامل تھا تاکہ تمام مکاتبِ فکر ہم آواز اور ہمقدم ہو کر فرقہ واریت کےعفریت کیخلاف عوامی بیداری پیدا کریں ۔ مشاورتی اجلاس میں لیاقت بلوچ ، مولانا زاہد الراشدی ، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ، پیر سید ہارون علی گیلانی ، مولانا مفتی فصیح احمد ، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، صاحبزادہ سلطان احمد علی ، مفتی راغب حسین نعیمی علامہ ناظر حسین تقوی ، علامہ رانا محمد ادریس ، ڈاکٹر عبدالغفور راشد ، پروفیسر ظفر اللہ شفی ، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر الازہری، مفتی گلزار احمد نعیمی و دیگر جید علماء کرام و علمی، سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ جامعہ عروۃ الوثقی کے سربراہ اور قومی مشاورتی اجلاس کے منتظم علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ اختلاف رائے کا ہونا بُرا نہیں لیکن دشمن اختلاف کو عداوتوں میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب علماء اور زعما آپس میں مل کر بیٹھتے ہیں تو عوام کے دل نرم ہو جاتے ہیں اور آپس میں عداوتیں اور نفرتیں دور ہو جاتی ہیں۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ توحید مسلمانوں کے درمیان وحدت کا مظہر ہے ۔ علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے اجلاس کو رسمی کارروائی نہ سمجھا جائے بلکہ امت کی وحدت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس کے بعد متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں دیگر اظہارات کیساتھ ساتھ واضح کیا گیا کہ قرآن کریم اور سنت رسول کے مطابق وحدتِ امت واجب اور تفرقہ حرام ہے.