بھارت: 6 سالہ بچی نے طیاروں کی دُم دیکھ کر 1 منٹ میں 93 ایئرلائنز کے نام بتادیئے

August 02, 2021

شمالی بھارتی ریاست ہریانہ کی ایک چھ سالہ بچی نے اس وقت سب کو حیران کردیا جب اس نے چند لمحوں میں 93 ائیرلائنز کو جہاز کی دم (ٹیل) دیکھ کر شناخت کرلیا۔

عالمی ریکارڈ قائم کرنے والی اس کمسن بچی کا نام ارنا گپتا ہے۔ ہریانہ کے علاقے پنچکلا کی اس بچی کی غیر معمولی یاداشت نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

اس نے یہ ریکارڈ حال ہی میں قائم کیا جب اس نے 93 ایئرلائنز کے جہازوں کے ٹیل کو دیکھ کر انکے نام بتائے، اس نے سو کے قریب یہ نام صرف ایک منٹ میں بتائے۔

اس حوالے سے انٹر نیشنل بک آف ریکارڈ نے اس لڑکی کی اس شاندار پرفارمنس پر مبنی ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس بچی نے میڈیا اداروں سے گفتگو میں کہا کہ میں ہمیشہ یہ سب کچھ کرنا چاہتی تھی، میری والدہ مجھے زیادہ سے زیادہ چیزیں سیکھنے کی ترغیب دیتی تھیں، اور یہ ان کی ہی کوششیں تھیں جس کے باعث میں یہ سارے نام اور تفصیلات یاد رکھ پائی۔