کووڈ کی صورتحال تشویشناک، شہری احتیاط کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی

August 05, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں کووڈ۔19 کی تشویشناک صورتحال کے باعث شہری مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہیں، انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے باعث ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیار اور ایس او پیز پر مکمل عملدر یقینی بنائیں تاکہ کم سے کم جانی نقصان ہو،انہوں نے کہا کہ اس جان لیوا وباء نے زندگی یکسر تبدیل کرکے رکھ دی ہے لہٰذا کووڈ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی شہریوں کو پرفضاء مقامات اور پارکوں سمیت زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے، یہ بات انہوں نے جھیل پارک طارق روڈ کے اچانک دورے کے موقع پر کہی، انہوں نے جھیل پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جھیل پارک کی بیرونی دیوار جو کئی جگہ سے گر گئی ہے اسے فوری تعمیر کرنے کے احکامات دیئے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر میں مسلسل شجر کاری مہم جاری ہے اور اب سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر بھی یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔