بورے والا کے گاؤں میں قبر سے نومولود کی لاش غائب

August 11, 2021


بورے والا میں قبرستان میں گزشتہ روز دفنائے گئے نومولود بچے کی نعش قبر سے غائب ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرد اور عورت کے پاؤں کے نشان قبر کے قریب موجود تھے تمام شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جس سے ملزمان تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔

بورےوالا کے نواحی گاؤں 513 ای بی میں اشفاق نامی شخص کا آٹھ دن کا بچہ وفات پا گیا تھا جس کی گزشتہ روز عصر کے بعد گاؤں کے قبرستان میں تدفین کردی گئی تھی۔

والدین کے مطابق آج جب قبر پر فاتحہ خوانی کے لئے پہنچے تو قبر کھود کر نعش نکال کر قبر کھلی چھوڑی ہوئی تھی۔

چوکی تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جس سے ملزمان تک پہنچنے میں آسانی پیدا ہوسکے گی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ قبر کھود کر میت نکالنے والوں میں ایک مرد اور ایک عورت شامل ہے، جن کے پاؤں کے نشان قبر کے قریب موجود تھے۔

ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے بچے کی میت کو جلد بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔