کراچی: ASI پر قاتل کی 2 پستولوں سے فائرنگ، ساتھی معجزانہ طور پر محفوظ

August 29, 2021


کراچی کےعلاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزم کی دونوں ہاتھوں سے فائرنگ سے اے ایس آئی اکرم شہید ہو گیا، ساتھی اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

3 روز قبل بھی کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے سینٹرل پولیس آفس میں تعینات پولیس اہلکار کو شہید کر دیا تھا۔

پولیس حکام کےمطابق گلشنِ بہار کی مارکیٹ میں پولیس اہلکار اے ایس آئی اکرم خان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ساتھی اہلکار اے آیس آئی ظفر کےساتھ ہوٹل میں بیٹھا تھا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی، جس کے مطابق شلوار قمیض پہنے 1 ملزم نے ہوٹل میں داخل ہو کر 2 پستولوں سے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولیاں لگنے سے اے ایس آئی اکرم زمین پر گر جاتا ہے، جبکہ ساتھی اے ایس آئی معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام اور رینجرز اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور تفتیش شروع کر دی۔

مقتول اہلکار اور اس کا ساتھی اہلکار منگھو پیر تھانے کے شعبۂ تفتیش میں تعینات تھے، مقتول کا آبائی تعلق مانسہرہ سے ہے۔

حملہ آوروں کی ویڈیو ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی بنائی ہے جس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان ہوٹل کے باہر کھڑے ہیں، ایک ہوٹل میں داخل ہوتا ہے اور فائرنگ کر دیتا ہے اس کے بعد ملزمان فرار ہو جاتے ہیں۔

3 روز قبل کورنگی میں بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار یاسر کو شہید کر دیا تھا۔