جنید صفدر بھی اپنے اوپر بنائے جانے والے میمز پسند کرتے ہیں؟

September 03, 2021

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے اوپر بنائی جانے والی میمز سے خوب محظوظ ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جنید صفدر کی کچھ پُرانی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی تھیں جن میں اُن کا وزن کافی بڑھا ہوا تھا۔

صارفین ان تصاویر پر تبصرے کرتے ہوئے بالی ووڈ فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں ہریتھک روشن کے بچپن کا کردار ادا کرنے والے اداکار سے مشابہہ قرار دے رہے تھے۔

صارفین ایک فربہ جنید صفدر سے ایک خوبرو نوجوان بننے تک کے سفر کو سراہ رہے تھے، ایسے میں ان میمز پر جنید صفدر نے خود بھی ردعمل دے دیا۔

جنید صفدر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی ایک اور ماضی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وہ تمام میمز بنانے والوں کے نام کی۔

ایک اور اسٹوری میں انہوں نے اپنے نانا نواز شریف اور نانی بیگم کلثوم نواز کے ہمراہ بھی نوعمری کی تصویر شیئر کی۔

نجی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ عائشہ سیف تمام تر میمز سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ان پر کھل کر ہنستے بھی ہیں۔

جنید صفدر نے پسندیدہ بالی ووڈ فلموں کے حوالے سے کہا کہ ان کی پسندیدہ بالی ووڈ فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ ان کی پسندیدہ فلم ہے۔