مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی اپنے نکاح میں گلوکاری کی وائرل ویڈیو کے بعد صارفین ان سے البم بنانے کی فرمائش کرنے لگے۔
جنید صفدر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گلوکاری کی وائرل ویڈیو کی تصویر شیئر کی، اور کیپشن میں ’کیا ہوا تیرا وعدہ‘ لکھا۔
جنید صفدر نے تصویر کا کریڈٹ زہرا جگانی کو دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
جنید صفدر کی پوسٹ پر اُسامہ خلجی نامی تصدیق شدہ اکاؤنٹ نے جنید صفدر سے سوال کیا کہ ’البم کب ریلیز کررہے ہیں؟‘
اسامہ خلجی کو جواب دیتے ہوئے جنید صفدر نے قہقہے لگانے والی ایموجی کا استعمال کیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اس سوال سے خوب محظوظ ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ جنید صفدر نے اپنی نکاح کی تقریب میں محمد رفیع کے گانے گائے تھے جن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ۔
جنید صفدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے تقریب میں اچانک گانا گانا تھا، کوئی خاص پلان نہیں تھا۔
جنید صفدر کے نکاح کی تقریب میں اگرچہ گلوکار نوین کندرا کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں جنہوں نے اپنے گانوں سے سامعین کو مسحور کیا لیکن وہیں جنید نے بھی اپنی سُریلی آواز میں مقبول گانے بھی گنگنائے اور تقریب میں موجود لوگوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنید صفدر کا نکاح عائشہ سیف سے ہوا ہے جو احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی صاحبزادی ہیں۔