ندا یاسر اپنی غلطی پر ہنس دیں

September 07, 2021

معروف مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر فارمولا ون گاڑی سے متعلق اپنی وائرل ویڈیو میں غلطی پر ہنس دیں اور غلطی کا اعتراف بھی کر لیا۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ کلپ دیکھ کر تو میں خود ہنس رہی ہوں، اور یہ مجھے مضحکہ خیز لگ رہا ہے۔

ندا یاسر نے کہا کہ مجھ سے یہ غلطی ہوگئی تھی اور اس غلطی پر میں ہنس رہی ہوں اور آئندہ کوشش کروں گی کہ مکمل تحقیق کرکے بات کروں۔

ندا یاسر کا کہنا تھا کہ یہ کِلپ کوئی 6 سے 7 سال پرانا ہے اورمجھے بالکل بھی اندازہ نہیں ہے کہ یہ اچانک کیسے وائرل ہوگیا۔

ندا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ہزاروں بہت اچھے شوز کیے ہیں، جس کا فیڈ بیک بھی بہت اچھا آتا ہے، مگر ان میں کی گئی کوئی بات کبھی بھی وائرل نہیں ہوتی جس کا دُکھ انہیں زیادہ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ندا یاسر کے مارننگ شو کا ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا تھا۔

اس وائرل ویڈیو کلپ کے مطابق ندا نے فارمولا 1 ریسنگ کار بنانے والے، یونیورسٹی کے طلبہ سے کچھ سوالات کیےتھے۔

ندا یاسر کو فارمولا کار کے بارے میں معلومات نہیں تھی جس کی وجہ سے صارفین نے اس ویڈیو کلپ پر دلچسپ تبصرے کیے تھے۔