کنوئیں میں لڑنے والے چیتے اور بلی کی ویڈیو وائرل

September 09, 2021

بھارت میں چیتا اور بلی کنوئیں میں گِرگئے جہاں چیتے نے بلی پرحملہ کرنا چاہا لیکن بہادر بلی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا جبکہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کی ہے جہاں ایک چیتا اور بلی کنوئیں میں گِرگئے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانی سے نکل کر چیتا اپنے سامنے منڈیر پر ایک بلی کو پاتا ہے اور وہ اُسے کمزور سمجھ کر حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بہادر بلی ڈٹ کر اپنے سے بڑے جانور کا مقابلہ کرتی ہے۔

وہاں کے مقامی افراد نے یہ سارا منظر کیمرے کی آنکھ میں قید کیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

دوسری جانب مغربی ناسک ڈویژن کے جنگلات کے ڈپٹی کنزرویٹر پنکج گرگ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ چیتا اس بلی کا پیچھا کرتے ہوئے ہی کنوئیں میں گِرا تھا، اب چیتے کو کنوئیں سے نکال کر جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔