علی ظفر کیخلاف مہم کیس، علی گل پیر کا معافی مانگنے سے انکار

September 11, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کامیڈین و ریپر علی گل پیر نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم سے متعلق مقدمے میں معافی مانگنے سے انکار کردیا۔خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے علی گل پیر کے ناقابلِ ضمانت اور عفت عمر کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔جس کے بعد علی گل پیر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مجھے کتنے ہی وارنٹ ملیں میں اس مذاق کے لیے معافی نہیں مانگوں گا جو میں نے 3 سال پہلے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ʼمیں اس کے خلاف لڑوں گا، کوئی بھی کے-پاپ بننے کی خواہش رکھنے والا اپنی پوری کوشش کرسکتا ہے آپ کو وہی ملے گا جس کے آپ حقدار ہیں۔خیال رہے کہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے قبل ایف آئی اے کو اپنے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والی منظم مہم کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تقریبا 2 سال تک تفتیش کی تھی۔ایف آئی اے کی جانب سے دو سال تک تفتیش کیے جانے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گزشتہ برس دسمبر میں اپنی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع، اداکارہ عفت عمر، گلوکار علی گل پیر اور حمنہ رضا سمیت 9 افراد کو علی ظفر کے خلاف جھوٹی مہم چلانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے عدالت سے ان کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔بعدازاں ان پر مقدمہ بھی درج کیا تھا اور جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی جانب سے ملزمان کو طلب بھی کیا گیا تھا کچھ ملزمان نے ضمانت حاصل کرلی تھی مگر علی گل پیر ایک بھی مرتبہ پیش نہیں ہوئے تھے۔