• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پر گھریلو تشدد کیس میں شوہر گرفتار

راولپنڈی میں خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پر مبینہ گھریلو تشدد کے کیس میں پولیس نے ان کے شوہر جواد علی کو گرفتار کرلیا۔

اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ملیحہ سحر کی مدعیت میں تھانہ ویمن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، جس میں جسمانی اور نفسیاتی تشدد، حبس بے جا اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزم جواد علی کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر راولپنڈی ملیحہ سحر نے اپنے شوہر کے خلاف گھریلو تشدد کی درخواست دی تھی۔

درخواست میں ملیحہ سحر نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ 2 بچوں کی ماں ہیں اور کئی ماہ سے شوہر کے مبینہ جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا سامنا کر رہی ہیں۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2 اکتوبر کی شام شوہر نے تشدد کے بعد انہیں کمرے میں بند کردیا اور موبائل فون بھی چھین لیا۔

مقدمے کے مطابق ملیحہ سحر کو حبس بے جا میں رکھا گیا اور اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات سے روکا گیا جبکہ شوہر کی جانب سے خوف زدہ کرنے، اذیت دینے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

ملیحہ سحر نے اپنے اور بچوں کے جانی، جسمانی اور عزت و وقار کے تحفظ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے جسم پر موجود زخموں اور جائے وقوعہ سے شواہد محفوظ کرنے کی درخواست بھی کی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے اے ڈی سی کے شوہر جواد علی کو گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

قومی خبریں سے مزید