ایپل نے بھارت کو نظر انداز کردیا، انوپن کھیر پریشان

September 14, 2021

معروف ٹیکنالوجیکل کمپنی ایپل کی جانب سے اپنے اسٹور میں نمائش کے لیے بھارتی گھڑی نہ رکھے جانے پر بالی ووڈ اداکار انوپن کھیر سیخ پا ہوگئے۔

خیال رہے کہ ایپل نے اپنے اسٹور میں اولمپک کلیکشن واچز رکھی ہیں جن میں ان ممالک کے پرچم بنے ہوئے ہیں، تاہم اس میں بھارت کو نظر انداز کردیا گیا۔

اسی اسٹور میں بھارتی پرچم کی گھڑی نظر نہ آنے پر بھارتی اداکار انوپن کھیر پریشان ہوگئے۔

اس سلسلے میں انوپن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ اسٹور میں موجود گھڑیوں کو دکھا رہے ہیں۔

انوپن کھیر نے اس کے ساتھ اپنے بیان میں ایپل کو نتھی کرتے ہوئے لکھا کہ نیویارک میں آپ کے اسٹور کا دورہ کیا جو بہت ہی اچھا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ بھارت کا پرچم یہاں نہ دیکھ کر انہیں بہت مایوسی ہوئی ہے، جبکہ وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا؟ وہ کافی حیران ہیں۔

بھارتی اداکار نے شکوہ کیا کہ ایپل کے بھارت میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ صارفین ہیں۔