نیوزی لینڈ کا عالمی ہاکی ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

September 18, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ نے اگلے سال جون تک کسی بھی عالمی ہاکی ایونٹ میں حصہ لینے نہ لینے کا اعلان کردیا ۔ نیوزی لینڈ ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، کیوی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے سخت سفری پابندیوں کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا ہے، نیوزی لینڈ کی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں اس عرصے میں کسی ہاکی ایونٹ کی میزبانی یا اس میں شرکت نہیں کریںگی، جس میں پرو ہاکی لیگ، جونیئر ورلڈکپ اور انڈور ہاکی ورلڈکپ بھی شامل ہے ۔ نیوزی لینڈ کو پرو لیگ میں فروری میں بھارت ، چین اور ہالینڈ کے مقابلوں کی میزبانی بھی کرنی تھی ، جبکہ مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو اپریل اور مئی میں ٹاپ رینکنگ ایونٹ کھیلنے کے لیے امریکا اور یورپ کا دورہ بھی کرنا تھا۔