پی ایچ اے نے مون سون شجرکاری کے تحت تین لاکھ پودے لگائے ، آصف محمود

September 18, 2021

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے بورڈز آف ڈائریکٹر کی پندرہویں میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی ظہیر احمد جپہ نے پی ایچ اے کی جانب سے جاری سرگرمیوں پر بورڈ ممبران کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے راولپنڈی شہر کے مختلف مقامات پر مون سون شجرکاری کے تحت تقریباً تین لاکھ پودے لگائے گئے۔ بورڈ ممبران کی جانب سے پی ایچ اے کی کارگردگی کو سراہا گیا۔ اجلاس میں پی ایچ اے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ اور دیگر مراعات کی منظوری سمیت ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے گورنمنٹ فنڈ استعمال کئے بغیر مختلف مراعات کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں ملازمین کی سرکاری رہائش گاہوں کے لئے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین بورڈ نے تمام ممبرز کا شکریہ ادا کیا۔