وفاقی اردو یونیورسٹی کا انتظامی بحران ٹل گیا، رجسٹرار ڈاکٹر صارم بحال

September 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ اردو کے ڈپٹی چیئر اور نگران دفتر شیخ الجامعہ اے کیو خلیل نے ڈاکٹر محمد صارم کی درخواست پر جامعہ اردو کے رائج قوانین اور سینیٹ کی ایمرجنسی کمیٹی کی جانب سے حاصل اختیارات کے تحت جامعہ کو قانونی اور انتظامی بحران سے بچانے کے لئے17ستمبر کو ڈاکٹر محمد صارم کو رجسٹرار جامعہ اردو بحال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اب جبکہ یونیورسٹی کے چانسلر اور صدرمملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان مستقل وائس چانسلر کا تقرر کرچکے ہیں بہتر ہوگا کہ وہ اپنی جوائننگ کے بعد اپنے صوابدیدی اختیارات کو استعمال کرئے ہوئے رجسٹرار اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب کریں اس لئے وہ 16ستمبر کو سابقہ قائم وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کے جاری کردہ خط کو منسوخ کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد صارم کو بحال کرنے کے احکامات جاری کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد صارم کا بحیثیت قائم مقام رجسٹرار بحالی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جمعہ کو جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سابقہ شیخ الجامعہ نے اپنی تکمیلی مدت سے صرف ایک گھنٹے قبل رجسٹرار پر مس کنڈکٹ کا الزام عائد کرکے ان کا جوابی موقف جانے بغیر انتہائی عجلت میں جاتے جاتے ایک غیر روایتی انداز میں محمد صدیق کو رجسٹرار کااضافی چارج سنبھالنے کے احکامات جاری کردیئے تھے جس کی وجہ سے انتظامی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ واضح رہے کہ اس وقت ڈاکٹر محمد صارم مستقل شیخ الجامعہ کی تقرری کی خلاف ڈاکٹر محمد زاہد کی جانب سے داخل کی گئی آئینی درخواست کے جواب کی تیاری کے لیے جامعہ کے وکیل کے دفتر میں موجود تھے جو تنازع کی اصل بنیاد بنا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد صارم نے 17؍ ستمبرکو اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔