پی ڈی ایم عوام کی امیدوں کا محور بن گئی ،احمد زادہ خان

September 19, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) جمعیت علمائے اسلام کے بزرگ رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق امیدوار الحاج احمد زادہ خان آف بٹ خیلہ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کی طرف سے تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کردیا گیا ہے۔ مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں غربت ختم ہونے کی بجائے غریبوں کو ختم کیا جا رہا ہے عمران خان کی طرف سے عوام کو دھوکہ دینے کے لئے بڑے بڑے دعوے کئے گے تھے لیکن تین سال گزرنے کے بعد بھی ایک بھی وعدہ پورا کر کے نہیں دکھایا گیا۔ الحاج احمد زادہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں سے عوام بے زار اور نوجوان مایوس ہو چکے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ مہنگائی سے نجات کے لئے عوام کی نظریں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نجات دہندہ کا کردار ادا کر رہے ہیں الحاج احمد زادہ خان نے کہا کہ دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمرانوں کی طرف سے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بجائے دکھوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور ملک کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے حکمرانوں کا بوریا بستر گول کروانا اور نئے انتخابات عوام کی ضرورت بن چکے ہیں۔