وزیراعظم کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات دینے سے وفاق کا انکار

September 21, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاق نے معلومات تک رسائی ایکٹ کے تحت وزیراعظم عمران خان کو مختلف سربراہان مملکت کی جانب سے ملنے والے تحائف کی تفصیل شہری کو فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری کو نوٹس جاری کر دیا۔ وفاق نے بذریعہ کابینہ ڈویژن دائر رٹ پٹیشن میں پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو 18 اگست 2018 سے 31 اکتوبر 2020 تک دیگر ممالک کے سربراہان مملکت کی جانب سے ملنے والے تحائف کی تفصیل شہری کو فراہم کرنے کے آرڈر کو چیلنج کیا گیا ہے۔دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کابینہ ڈویژن کی طرف سے پٹیشن میں موقف اختیار کیا کہ سربراہان مملکت کے درمیان تحائف کاتبادلہ بین الریاستی تعلقات کا عکاس ہوتا ہے۔ ایسے تحائف کی تفصیل کے اجراءسے ”میڈیا ہائپ“ اور غیر ضروری خبریں پھیل سکتی ہیں۔ بے بنیاد خبریں پھیلنے سے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر اور ملکی وقارمجروح ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شہری کو معلومات کی فراہمی سے متعلق پاکستان انفارمیشن کمیشن کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔ ابتدائی سماعت کے بعد فاضل جسٹس نے پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری ابرار خالد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔