پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کا اٹلی میں قتل، چچا فرانس سے گرفتار

September 24, 2021

کراچی (جنگ نیوز )پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کے چچا کو اسے قتل کرنے کے شبہ میں فرانس سے گرفتار کر لیا گیا ۔ثمن عباس کے چچا، دانش حسین کو بدھ کے روز یورپی وارنٹ کے تحت فرانس سے حراست میں لیا گیا۔دانش عباس مقتولہ کے ان پانچ پاکستانی رشتہ داروں میں سے ایک ہیں جن کے بارے میں قتل کے شبہ میں تفتیش کی جا رہی ہے۔18سالہ ثمن کو آخری مرتبہ اس برس اپریل کے اواخر میں شمالی اٹلی میں ان کے آبائی گھر کے آس پاس دیکھا گیا تھا۔جمعرات کو وزیر انصاف مارٹا کارتابیا نے پاکستان کو دراخوست دی ہے کہ وہ ثمن کے والدین کو اٹلی کے حوالے کرے۔ان کے ایک کزن کو پہلے ہی اٹلی میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے ان کے گھر والے انھیں پچھلے سال ارینجڈ میرج کیلئے پاکستان لے کر جانا چاہتے تھے جس سے انھوں نے انکار کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ سوشل سروسز کی حفاظت میں رہ رہی تھیں مگر گزشتہ اپریل میں پارما کے قریب نوویلارا میں واقع اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں۔ پولیس کو اب تک لڑکی کی لاش نہیں ملی ۔ مئی سے نوویلارا کے کھیتوں میں باقیات تلاش کی جارہی ہے۔اطالوی پولیس نے ان کے چچا دانش حسین کو سوشل میڈیا کے ذریعے سراغ لگا کر فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے گرفتار کیا ہے۔