سی پی او کی پولیس اہلکاروں کے فعل پر ٹھیلے والے سے معذرت

September 24, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سی پی او پولیس اہل کاروں کی طرف سے رقم ادا کئے بغیر کھانے کا سامان لینے والے ٹھیلے والے کے پاس پہنچ گئے۔ کھانے کی رقم ادا کی اور پولیس اہلکاروں کے فعل پر ٹھیلے والے سے معذرت کی۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر پولیس اہلکاروں کی رقم ادا کئے بغیر کھانے کا سامان لینے کی شکایت کی ویڈیو وائرل ہونے پر سی پی او محمد احسن یونس نے فوری نوٹس لیا اور جمعرات کی رات سی سی پی او محمد احسن یونس فوری طور پر تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ میں خود ٹھیلے والے کے پاس پہنچ گئے‘ کھانے کی رقم ادا کی اور پولیس اہلکاروں کے فعل پر ٹھیلے والے سے معذرت کی۔ بغیر رقم ادا کئے کھانے کا سامان لینے والے اہلکار اے ایس آئی زاہد، کانسٹیبلوں عثمان رضا، ارشد اور سجاد شاہ کو فوری طور پر لائن حاضر کرکے چارج شیٹ جاری کردی گئی۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔