اسکاٹ لینڈ میں کورونا کی صورتحال نسبتاًبہتر ہے،نکولا سٹرجن

September 25, 2021

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے بتایا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں کورونا کے متعلق صورت حال میں نسبتاً بہتری آئی ہے اور18ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران کوویڈ کے کیسز31فیصد کم ہوئے ہیں اور یہ نہایت حوصلہ افزا رجحان ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے وارننگ دی ہے کہ لوگ ابھی کسی قسم کی بھی بداحتیاطی نہ کریں کیونکہ صورت حال ابھی بدستور نازک ہے، منگل کو کوویڈ کے باعث18مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ2870 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ نیز اسکاٹ لینڈ میں نیشنل ہیلتھ سروس کا پورا سسٹم زبردست دبائو کا شکار ہے، ایک تو ایمبولنس سروس کی کمی ہے جس کو پورا کرنے کے لیے آرمی، فائر سروس، برٹش ریڈ کراس اور ٹیکسی فرمز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں، ساتھ ہی بعض کیسز میں ایکسیڈنٹ اور ایمرجنسی وارڈز کے باہر ایمبولنس سروسز کی کئی گھنٹوں تک انتظار کی لمبی قطاریں بن گئیں کیونکہ ہسپتالوں میں بستروں کی شدید کمی پیدا ہوگئی تھی، اگرچہ تقریباً15سو مریض جو کلینیکل بنیادوں پر ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے لیے مکمل محفوظ اور تیار تھے، ان کو اس وجہ سے ڈسچارج نہ کیا جاسکا کہ ان کے لیے کمیونٹی میں کیئر پیکیج دستیاب نہ تھے، اسکاٹش جسٹس منسٹر حمزہ یوسف نے کہا ہے کہ انہیں علم ہے کہ اس وقت پورے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ حمزہ یوسف کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ہیلتھ سروس کو اس وقت جس بحران کا سامنا ہے وہ ہماری زندگیوں اور سروس کی تاریخ کا سخت ترین بحران ہے۔