خواتین ورکرز کیلئے قانونی اصلاحات ناگزیر ہیں‘قادرنائل

September 25, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سنٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ سی پی ڈی کے زیراہتمام ویمن ورکرز کے مسائل کے حوالے سے صوبائی کانفرنس بلوچستان بوائے اسکائوٹس میں ہوئی۔ کانفرنس سے رکن اسمبلی قادر علی نائل ، امین اللہ پروگرام منیجر( سی پی ڈی) آل پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، سلمان خواجہ نمائندہ ٹی ڈی اے ،روبینہ شاہین ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ،محمد ظاہر ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ اور بی بی جان کاکڑ مزدور رہنماء نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے مطابق خواتین ورکرز کی بہتری کے لئے انتظامی اور قانونی اصلاحات ناگزیر ہیں، کارخانوںمیں کام کرنے والی خواتین کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے انتظامی اور قانونی اصلاحات کے ساتھ ساتھ کام کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی کیلئے لیبر قوانین پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔ مقررین نے کہاکہ کام کی جگہوں کوخواتین کی ہراسگی سے محفوظ بنایا جائے اور تمام مزدوروں کی منصفانہ اجرت کو یقینی بنایا جائے۔ لیبر قوانین بین الاقوامی لیبر کنونشن کے معیار کے ساتھ پاکستان کے آئین کے مطابق ہوں اور اجرت میں مساوات اور روزگار کے مواقع بلا امتیاز یقینی بنائے جائیں۔