نوجوت سنگھ سدھو سربراہ کانگریس پنجاب کے عہدے سے مستعفی

September 28, 2021

بھارتی سیاستدان و سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

نوجوت سنگھ سدھو کو رواں سال ہی بھارتی پنجاب کے لیے کانگریس چیف منتخب کیاگیا تھا، ان سے قبل سنیل جاکھر پنجاب کانگریس کے سربراہ تھے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے رواں ماہ نوجوت سنگھ سدھو کو بھارتی پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ بنائے جانے کے حوالے سے امکانات بھی ظاہر کیئے جا رہے تھے۔

اس سے قبل نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور راہداری کے افتتاح پر وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ عمران خان وہ سکندر ہیں جنہوں نے کروڑوں سکھوں کے دل جیت لیے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی وجہ سے نوجوت سنگھ سدھو پر بھارت میں کافی لے دے ہوئی تھی اور انہیں دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔